ڈاکٹر سلیم اختر کے انتقال پر اکادمی ادبیات پاکستان کی تعزیت

0

اسلام آباد (   کلچرل رپورٹر)اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین سید جنید اخلاق نے پاکستان کے معروف افسانہ نگار، نقاد اور دانشور ڈاکٹر سلیم اختر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سلیم اختر اُن چند نقادوں میں سے تھے جو خود بھی بہت اچھے تخلیق کار تھے، اُن کی کتاب ’’اُردو ادب کی مختصر ترین تاریخ‘‘اُردو ادب میں ایک اہم حوالہ کی صورت میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ اُن کی تصنیفات میں افسانوں کی کلیات ’’نرگس اور کیکٹس‘‘ بھی شائع ہوچکے ہیں۔’’ایک جہاں سب سے الگ‘‘(سفر نامہ)،’’نشان جگر سوختہ‘‘ آپ بیتی، فکرِ اقبال کا تصور،اقبال اور ہمارے فکری رویے، و دیگر کُتب شامل ہیں،جو ادب کے لیے گراں قدر سرمایہ ہیں۔ 2008ء میں ڈاکٹر سلیم اختر کو حکومت پاکستان کی طرف سے صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان سید جنید اخلاق اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید نے مرحوم کے لیے دُعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی۔

LEAVE A REPLY